
تہران: ایران نے اسرائیل کے ملٹری انٹیلی جنس کیمپ کو نشانہ بنادیا۔ اسرائیل پر حملوں کی 12 ویں لہرمیں ایران نے پہلی بار سجیل اور فتاح ون ہائیپرسونک میزائل استعمال کئے۔ ایران نے اسرائیلی اسٹاک ایکسچینج کی عمارت کو نشانہ بنایا۔ تازہ حملوں میں چار مقامات پر اہداف کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ تل ابیب میں کئی عمارتیں تباہ ہوگئیں۔ حملوں میں چوالیس افراد زخمی ہوگئے۔
حولون شہر پر حملے میں اسپتال کی چھت گرگئی۔ ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ صبح کئے گئے حملے میں اسرائیل کے کمانڈ اینڈ انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹر اور ملٹری انٹیلی جنس کیمپ کو نشانہ بنایا گیا۔ امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو میزائل شکن ایروانٹر سیپٹرز کی کمی کا سامنا ہے۔ بیلسٹک حملے روکنے کی صلاحیت متاثر ہوسکتی ہے۔
ایران نے پانچ روز سے جاری جنگ میں اسرائیل کو شدید جانی اور مالی نقصان پہنچایا ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق اسرائیلی فوجی عہدیدار نے بتایا کہ ایران اب تک اسرائیل پر تقریباً 400 بیلسٹک میزائل اور 1,000 ڈرونز داغ چکا ہے۔ اسرائیلی فوجی عہدیدار کے بقول ان میں سے تقریباً 20 بیلسٹک میزائل اسرائیل کے شہری علاقوں میں گرے جس کے نتیجے میں اب تک کم از کم 24 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔


































