
غزہ : غزہ میں دل کے ایک ہزار مریض ضروری علاج نہ ہونے کی وجہ سے انتقال کر گئے۔ جبکہ چالیس ہزار بچے زخمی ہیں۔ غزہ میں وزارتِ صحت کے ڈائیریکٹر جنرل ڈاکٹر منیر البرش نے بتایا ہے کہ غزہ میں اسپتالوں میں چھ چھ بچے ایک بستر پر موجود ہیں۔ اسرائیلی فوج نے غزہ میں ادویات کے ڈیڑھ سو سے زائد گوداموں کو تباہ کردیا ہے۔
ڈاکٹر منیر البرش نے کہا ہے کہ غزہ میں قحط اسرائیلی قبضے اور جاری جارحیت کا نتیجہ ہے۔ اقوام متحدہ کے قحط کے اعلان کے بعد عالمی برادری فوری خوراک فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ غزہ شہر چھوڑنا نہیں چاہتے، ہمارے ساتھ ہمارے ثابت قدم اور بہادر مسیحی لوگ بھی ہیں اور ہمارا فیصلہ واضح ہے کہ ہم اسپتال اور مریضوں کو نہیں چھوڑیں گے۔ اسرائیلی کارروائیوں کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ جبالیہ کے محلے تباہ کرنے کے لیے اسرائیل بوبی ٹریپ اور روبوٹس استعمال کر رہا ہے اور وہاں پر روبوٹ کے دھماکے سے ہم نے پورے خاندان کو ملبے تلے دبا پایا ہے۔


































