
جنیوا: اقوام متحدہ کے ادارے اوچا کے ترجمان جینز لارکے نے کہا ہے کہ غزہ کی سو فیصد آبادی قحط کے خطرے سے دوچار ہے۔ جینوا میں نیوز کانفرنس کے دوران جینز لارکے نے کہا کہ غزہ پوری دنیا میں واحد متعین علاقہ ہے جہاں کی تمام آبادی قحط کے خطرے سے دوچار ہے۔ جینز لارکے نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ میں امداد کی ترسیل کو سختی سے محدود یا روک کر رکھا ہے۔ امداد کی محدود ترسیل شروع ہوئی ہے لیکن جہاں بھوک کی صورتحال تباہ کن ہے وہاں سپلائی نہ ہونے کے برابر ہے۔ انھوں نے کہا کہ اسرائیلی حکام کی طرف سے جو راستے ہمیں استعمال کرنے کے لیے تفویض کیے جا رہے ہیں، وہ اکثر گنجان اور غیر محفوظ ہیں اور ان کی بھی منظوری میں غیر معمولی تاخیر ہوتی ہے۔


































