
جی بی اے 3 گلگت تھری میں جعفر شاہ کے بیٹے سہیل عباس کامیاب ،پی ٹی آئی کی نشستوں کی تعداد 10ہوگئی، 6 آزاد امیدواربھی شامل ،دوتہائی اکثریت مل گئی
ٹیکنوکریٹ اور خواتین نشستوں میں بھی پی ٹی آئی آگے،پیپلزپارٹی مبینہ دھاندلی کیخلاف سراپا احتجاج، سرکاری دفاتر اور گاڑیاں جلادیں ، پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں
گلگت بلتستان(نیوز ڈیسک)گلگت بلتستان میں تحریک انصاف دوتہائی اکثریت سے حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ،جی بی تھری کا انتخابی معرکہ بھی پی ٹی آئی کے نام رہا اور اس کی نشستوں کی تعداد 10ہوگئی ، جی بی اے 3 گلگت 3 کی نشست پر انتخابات پی ٹی آئی کے امیدوار جعفر شاہ کے انتقال کے باعث ملتوی کر دیے گئے تھے الیکشن میں ان کے بیٹے سہیل عباس 6877ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے ،الیکشن میں پی ٹی آئی کے بعد سب سے زیادہ 7 نشستوں پر آزاد امیدوار جیتے،پیپلز پارٹی 3 اور مسلم لیگ ن 2 سیٹیں لینے میں کامیاب ہوسکی جبکہ جمعیت علمائے اسلام اور مجلس وحدت مسلمین کا ایک، ایک امیدوار فتح اپنے نام کرسکا، اب تک 7 میں سے 6 آزاد امیدوار تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں جبکہ ایک نشست ایم ڈبلیو ایم نے جیتی ہے اس طرح تحریک انصاف کی سیٹوں کی تعداد17ہوگئی ،جنرل نشستوں کے بعدٹیکنوکریٹ اور خواتین کی مخصوص نشستوں کی تقسیم کی جائے گی فارمولے کے مطابق
پی ٹی آئی کی حصے میں 4 خواتین اور 2 ٹیکنوکریٹ ، پیپلزپارٹی کو ایک خواتین اور ایک ٹیکنوکریٹ ، نون لیگ کو ایک خاتون کی نشست مل سکتی ہے،گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی اور جی بی اے 2 کے متنازع نتائج کیخلاف گلگت میں احتجاج اور ہنگاموں کے دوران مظاہرین نے 4 گاڑیوں اور محکمہ جنگلات کے دفتر کوجلادیا، حالات پر قابو پانے کیلئے شہر بھر میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی، متنازع نتائج کے اعلان کیخلاف اسکردو اور چلاس سمیت متعدد شہروں میں جیالوں نے شدید احتجاج کیا ، پولیس کو ہوائی فائرنگ اور لاٹھی چارج کرنا پڑی، مظاہرے کے باعث شہرکی کئی سڑکیں بند ہوگئیں


































