
غاصب صہیونی فوجیوں نے مغربی کنارے کے اندر فلسطینی شہریوں کے ایک احتجاجی مظاہرے پر حملہ کر دیا جس سے دسیوں فلسطینی شہری زخمی ہو گئے ہیں۔ مغربی کنارے کے علاقے قلقلیہ میں عوامی مزاحمتی محاذ کے ترجمان مراد شتوی کا کہنا ہے کہ ہفتہ وار احتجاجی مظاہروں میں شرکت کرنے کے لئے 1,000 سے زائد فلسطینی شہری "کفرقدوم” نامی علاقے کے اندر جمع تھے، احتجاجی مظاہرے میں فلسطینی تحریک آزادی (PLO) سمیت مزاحمتی محاذ کے متعدد رہنماؤں بھی شریک تھے۔
قلقلیہ میں عوامی مزاحمتی محاذ کے ترجمان نے کہا کہ اپنے حقوق کے حصول کے لئے منعقد کیا جانے والا پرامن احتجاجی مظاہرہ جاری تھا کہ اچانک ہی غاصب صہیونی فوج کی جانب سے آنسو گیس کے شیل اور ربڑ کی گولیاں فائر کی گئیں جس کے باعث کم از کم 20 فلسطینی شہری زخمی ہو گئے۔ کفرقدوم میں انسانی امداد کی عالمی تنظیم ہلال احمر کے نمائندے عاصم عقلا نے اس حوالے سے میڈیا کو بتایا کہ غاصب صہیونی فوجیوں کی فائرنگ کے باعث زخمی ہونے والے فلسطینی شہریوں میں سے 4 کی حالت نازک ہے جنہیں شہر قلقلیہ کے ایک ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔


































