
جماعت اسلامی سے منسلک دینی مدارس کے طلبہ کی ملک گیر تنظیم جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کے زیراہتمام تین روزہ تربیت گاہ برائے اصول تحقیق ادارہ معارف اسلامی منصورہ لاہور میں منعقد ہوئی۔ تین روزہ ورکشاپ میں سرفراز اجمل نے مقالہ، کہانی اور ناول ایک تعارف، حافظ ساجد انور نے مدارس عربیہ اور تحقیق کی روایت، عنایت الرحمٰن اعتزاز نے تحقیقی مقالہ لکھنے کا طریقہ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے اسلاموفوبیا ایک تعارف، مولانا حافظ ساجد انور نے درس نظامی کا آغاز و ارتقاء، مولانا سمیع الحق شیرپاؤ نے فن ترجمہ اور اس کے وصول، خالد سیف اللہ نے تحقیق میں جدید ذرائع کا استعمال، مولانا حافظ ساجد انور نے درس نظامی کا آغاز و ارتقاء کے موضوعات پر دینی مدارس کے طلبہ کو عملی تربیت دی اور گفتگو کی۔
ورکشاپ کے آخری روز اختتامی تقریب سے صدر جمعیت اتحاد العلماء پاکستان شیخ القرآن والحدیث مولانا عبد الملک، ڈپٹی ڈائریکٹر اداراہ معارف اسلامی انور گوندل اور منتظم اعلیٰ جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان حافظ شمشیر علی شاہد نے شرکاء سے خطاب کیا۔ اختتامی تقریب میں تحقیقی مقالے میں پوزیشن لینے والے شرکاء کو انعامات دیے گئے۔ مقالہ نویسی میں پہلی پوزیشن عرفان اللہ مودودی، دوسری پوزیشن محمد قاسم منگلوری اور تیسری پوزیشن محمد صدیق نے حاصل کی۔ اس موقع پر مدیر مجلہ بزم قرآن پشاور محمد قاسم منگلوری نے مدیر مجلہ مشکوٰۃ المصباح عمر شہزاد، مدیر مجلہ بزم قرآن کراچی قاضی سیف اللہ اور مدیر مجلہ بزم قرآن ملتان صفی اللہ کو خصوصی اشاعت بڑوں کا بچپن پیش کی۔


































