
حکومت سے کامیاب تحریری معاہدہ کے بعد سانحہ مچھ کے ورثاء نے چھ روز سے جاری دھرنا ختم کردیا اور آج صبح سانحہ مچھ میں شہید کان کنوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، شہید کان کنوں کی نماز جنازہ علامہ ہاشم موسوی نے پڑھائی، نماز جنازہ میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری، وفاقی وزیر علی زیدی، معاون خصوصی زلفی بخاری، وزیراعلیٰ کے مشیر عبدالخالق ہزارہ، رکن اسمبلی قادر نائل، صوبائی وزراء میر ضیاء لانگو، میر عارف جان محمد حسنی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ سانحہ مچھ میں جاں بحق کان کنوں کی تدفین میں شرکت کیلئے علمائے کرام سمیت عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ کامیاب مذاکرات کے بعد ملک بھر میں ورثاء سے اظہار یکجہتی کےلئے دئے گئے پرامن دھرنے بھی ختم کر دئے گئے۔
تدفین کے بعد وزیراعظم عمران خان سانحہ مچھ کے لواحقین سے تعزیت کرنے کے لئے کوئٹہ پہنچ گئے۔ شیخ رشید بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ عمران خان سانحہ کے بعد اٹھائے گئے اقدامات کے متعلق بھی آگاہ کریں گے۔


































