
تہران : ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری نے کہاہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران سمیت کوئی بھی ملک اپنی قومی سلامتی، علاقائی سالمیت اور قومی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ اسرائیل سے اسماعیل ہنیہ کے قتل کا بھرپور انتقام لیں گے۔ مصر اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فونک گفتگو میں ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ صیہونی حکومت کے جرم پر خاموشی سے صرف مجرم کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور یہ سبب بنتی ہے کہ وہ مجرم اپنے تباہ کن اقدامات کو پھر سے دہرائے۔اُنہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت کے ہاتھوں اسماعیل ہنیہ کی شہادت، ایران کی قومی سلامتی کی خلاف ورزی اور علاقائی امن و استحکام کی پامالی جیسے صیہونی جرائم کے بعد یورپی ممالک نے سفارتکاری کا پہلا موقع اپنی بے عملی سے گنوا دیا۔ انہوں نے بین الاقوامی امن و سلامتی کی خلاف ورزی کرنے والے اس عمل کی مذمت تک نہیں کی۔
مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعطیٰ کے ساتھ گفتگو میں علی باقری نےایک بار پھر واضح کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے فیصلہ کن ردعمل کے ساتھ خطے میں عدم استحکام اور بد امنی کے بنیادی سبب سے بھرپور انداز میں نمٹے گا۔


































