
برسلز : یورپی یونین نے یوکرین اور فلسطین کے معاملے میں دہری پالیسی کا اعتراف کیا ہے۔ ایک انٹرویو میں یورپی یونین کے خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزیپ بوریل نے کہا کہ عالمی سطح پر تعلقات میں دہرایا معیار پایا جاتا ہے۔ اکثر اوقات ہم پر تنقید کی جاتی ہے کہ ہم نے دہرا معیار اپنایا ہوا ہے لیکن عالمی سیاسی طرز عمل ایسا ہی ہے کہ دہرایا معیار اپنانا پڑتا ہے۔ ہم ہر طرح کے مسائل کے حل کیلئے یکساں طریقہ کار اختیار نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ روس کیخلاف یوکرین کی حمایت کرنا مغربی ممالک کیلئے اخلاقی لحاظ سے اہم معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین کے مسئلے کا تقابل جب دنیا میں اپنی نوعیت کی پہلی کھلی فضا کی جیل یعنی فلسطین سے کیا جائے تو ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ یہ معاملہ یورپی یونین کے ہاتھ میں نہیں ہے۔ انہوں نے غزہ کو غربت اور لاپروائی کا شکار دنیا کا شرمناک علاقہ قرار دیا، یہ ایک اسکینڈل ہے، لیکن ہم اسے انسانی بحرانی کے انداز سے نہیں دیکھتے۔


































