
واشنگٹن : امریکا نے یوکرین پر روس سے جنگ بندی کیلئے خفیہ بات چیت شروع کرنے پر زور دیا ہے۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق بائیڈن انتظامیہ نے یوکرینی رہنماؤں سے کہا ہے کہ وہ روس کے ساتھ بات چیت کیلئے کھلے پن کا مظاہرہ کریں اور جب تک صدر ولادیمیر پوتن کو اقتدار سے نہیں ہٹایا جاتا امن مذاکرات میں شامل نہ ہونے کا موقف ترک کریں۔ اخبار کے مطابق امریکی درخواست کا مقصد یوکرین کو مذاکرات کی میز پر دھکیلنا نہیں بلکہ اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش ہے کہ کیف دیگر اقوام کی حمایت کو برقرار رکھے جو ایک طویل جنگ کے خطرات محسوس کررہے ہیں۔ امریکی حکام نے تسلیم کیا ہے کہ یوکرین کے صدر کا پیوٹن کے ساتھ بات چیت سے انکار نے یورپ، افریقہ اور لاطینی امریکہ کے ان حصوں میں تشویش پیدا کر دی ہے، جہاں خوراک اور ایندھن کی قیمتوں پر جنگ کے اثرات سب سے زیادہ محسوس کیے جاتے ہیں۔

































