
بیجنگ : چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ چین اور بھارت کے درمیان سرحدی تنازع کو دونوں ممالک باہمی مشاورت سے طے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔امریکی جنرل کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے چینی ترجمان نے کہا کہ کچھ امریکی عہدیداران تنازع کو ہوا دے رہے ہیں، یہ گھناؤنا عمل ہے۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ امریکی عہدیدار خطے میں امن اور استحکام کے لیے کام کریں گے۔انہوں نے کہاکہ بیجنگ اور نئی دہلی سرحد سے متعلق اختلافات کو بات چیت اور باہمی مشاورت سے حل کرنے کے خواہشمند ہیں اور اس کی اہلیت رکھتے ہیں۔اب صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور اگلے محاذوں پر موجود دونوں ممالک کی افواج تناؤ کو کم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔خیال رہے کہ پچھلے مہینے چین نے پینگونگ جھیل کے قریب دوسرے پُل پر تعمیراتی کام کا آغاز کیا تھا، یہ علاقہ لداخ کے قریب واقع ہے۔


































