
واشنگٹن : امریکا نے روسی تیل پر بھاری انحصار کو کم کرنے کیلئے اٹلی اور اسپین کو وینزویلا سے خام تیل حاصل کرنے کی اجازت دیدی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے اسپین کی کمپنی ریپسول ایس اے اور اٹلی کی اینی ایس پی اے کو وینزویلا کا تیل یورپ لے جانے کے لیے چھوٹ جاری کی۔ وینزویلا کے پاس دونوں کمپنیوں کی رقم واجب الادا ہے جو کاراکاس پر امریکی پابندیوں کی وجہ سے مل نہ سکی تھی۔ دونوں تیل کمپنیاں جنہیں امریکا نے 2020 کے وسط میں اپنے تیل کے بدلے قرض کے سودے روکنے پر مجبور کیا تھا، اب وہ اگلے مہینے میں اپنا کام دوبارہ شروع کر دیں گی۔ رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے خفیہ طور دونوں کمپنیوں کو خطوط بھیجے تھے۔ جس میں کہا گیا تھا کہ اگر تیل کمپنیاں قرض کے بدلے تیل کے سودے دوبارہ شروع کرتی ہیں۔ اور خام تیل کو یورپ لے آتی ہیں تو امریکا کو اعتراض نہیں ہوگا۔


































