
کیف : روس نے یوکرین کے مشرقی صوبے میں آخری گڑھ لیسی چانسک پر قبضہ کرلیا۔ روسی وزیر دفاع سرگئی شوئیگو نے صدر ولادیمیر پیوٹن کو بتایا کہ لوہانسک کے پورے علاقے کو روسی اور علیحدگی پسند فورسز نے آزاد کرالیا ہے۔ روس نے اپنی کوششیں یوکرائنی افواج کو مشرق میں لوہانسک اور ڈونیٹسک کے علاقوں سے نکالنے پر مرکوز کر رکھی ہیں، جہاں روس نواز علیحدگی پسند کیف سے لڑ رہے ہیں۔ روسی وزارت دفاع نے یہ بھی کہا کہ اس نے مشرقی یوکرین کے شہر خارکیف میں فوجی انفراسٹرکچر اور جنوب میں میکولائیو کے مضافات میں غیر ملکی جنگجوؤں کے زیر استعمال ایک اڈے کو نشانہ بنایا ہے۔ دوسری جانب یوکرین کے نیشنل گارڈ نے بتایا کہ شہر اب بھی ان کے کنٹرول میں ہے۔ لیسی چانسک کے قریب شدید لڑائیاں جاری ہیں۔ خوش قسمتی سے شہر کا محاصرہ نہیں ہوا۔ یوکرین نے دعویٰ کیا ہے کہ روس نے مرکزی میدان جنگ سے دور شہروں میں میزائل حملے تیز کر دیے ہیں اور جان بوجھ کر شہری مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔


































