
تہران : ولی امر مسلمین آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے شیراز میں امامزادہ شاہ چراخ کے مزار پر دہشت گردانہ حملے پر ایرانی قوم کو تعزیت پیش کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس سنگین جرم کے مرتکب افراد کو ضرور سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ احمد بن موسیٰ علیہ السلام کے روضہ مقدس میں وحشیانہ جرم جو دسیوں بے گناہ مردوں، عورتوں اور بچوں کی شہادت اور زخمی ہونے کا باعث بنا، دلوں کو غمگین کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان عزاداروں کے غم اور حرم اہل بیت کی بے حرمتی کی تلافی اس وقت تک نہیں ہو سکتی جب تک کہ تباہ کن کارروائیوں کے پس پردہ مجرموں کا سراغ لگا کر انہیں کیفرکردار تک نہ پہنچایا جائے.آیت اللہ خامنہ ای نے مزید کہا کہ دشمن کے ساتھ ساتھ اس کے "غدار یا جاہل” ایجنٹوں کا مقابلہ کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے سیکیورٹی ایجنسیوں، عدلیہ، مفکرین، تبلیغی کارکنوں اور پوری قوم پر زور دیا کہ وہ ان عناصر کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہو کر کام کریں جو لوگوں کی زندگیوں، سلامتی اور مقدسات کی بے حرمتی اور بے عزتی کر رہے ہیں۔

































