
مقبوضہ بیت المقدس: صیہونی فوج مسجد اقصیٰ کے اندر نمازیوں پر ٹوٹ پڑی اور انہیں دھکے دیکر مسجد سے باہر نکال دیا۔ صیہونی فوج نے مقبوضہ مشرقی یروشلم میں مسجد اقصیٰ کے داخلی راستے باب السلسلہ میں فلسطینی نمازیوں پر حملہ کیا۔ فوجیوں نے مرد و خواتین نمازیوں کو بری طرح مارا پیٹا اور انہیں تشدد کرکے مسجد کے احاطے سے باہر نکل دیا۔ فوجیوں نے صیہونی آبادکاروں کی دراندازی کیلئے کمپاؤنڈ کو خالی کرالیا۔ یہودی تہوار کے آخری دن سینکڑوں صیہونی آبادکاروں نے جشن مناتے ہوئے مراکش گیٹ سے مسجد کے احاطے پر دھاوا بول دیا۔ اور مسجد کے اندر جشن منایا اور رسومات ادا کیں۔ آبادکاروں کو صیہونی فوجیوں کا مکمل تحفظ حاصل تھا۔ اس سے پہلے قابض فوجیوں نے مسجد اقصیٰ کے احاطے کے ارد گرد نفری بڑھادی تھی اور نمازیوں کی رسائی کو محدود کر دیا تھا۔


































