
قاہرہ : مصر کے مفتی نے یورپی علما کے دورہ اسرائیل پر تنقید کرتے ہوئے اسے ایک خونی وجود کی توثیق قرار دیاہے۔ مصر کے اعلیٰ ترین مذہبی ادارے جامعہ الازہر کے بعد مصری مفتی ناظر ایاز نے خود علما کہلانے والوں کے دورہ اسرائیل اور صیہونی صدر سے ملاقات کی شدید مذمت کی۔
مفتی ناظرایاز نے کہا کہ خونخوار قابض وجود کی شبیہہ کو خوبصورت بنانے کیلئے جعلی مذہبی لباس کا استعمال سستی سیاسی سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد مذہبی شخصیات نے صیہونی رہنماؤں کے سامنے شرمناک منظر میں موجودگی کیلئے اپناضمیر سستا بیچ دیا۔ ناظرایاز نےکہا کہ یہ گروپ ان لوگوں کے ساتھ بقائے باہمی اور مکالمے کی بات کرتا ہے جو نہ تو بقائے باہمی کا فلسفہ جانتے ہیں اور نہ ہی مکالمے کی زبان۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس غزہ میں گھروں کے ملبے، بچوں کی لاشوں اور ماؤں کی چیخوں کے درمیان امن اور مکالمے کے کھوکھلے نعرے دہرا رہے ہیں جو پلک جھپکائے بغیر دو سال سے تباہی کا سامنا کر رہا ہے۔


































