
تہران : امریکا نے ایران کو مذاکرات کا ایک اور پیغام بھییج دیا۔ ایران نے جوہری پروگرام دوبارہ شروع کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ ایرانی وزارتِ خارجہ کی ترجمان فاطمہ مهاجرانی نے انکشاف کیا ہے کہ ایران کو مذاکرات کی بحالی کے حوالے سے پیغامات موصول ہوئے ہیں۔ ان کے نوعیت اور مواد کے بارے میں مزید تفصیلات مناسب وقت پر فراہم کی جائیں گی۔ اس سے پہلے اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ امریکا نے عمان کے ذریعے ایران کو دوبارہ مذاکرات کی پیشکش کی ہے۔
ادھر ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اعلان کیا کہ ایران اپنے جوہری پروگرام کو دوبارہ تعمیر کرے گا اور تباہ شدہ تنصیبات ایران کے لیے کوئی مسئلہ نہیں بنیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سائنسدانوں کے علم کو کوئی نقصان نہیں پہنچ سکتا اور نئے منصوبے پہلے سے زیادہ طاقتور ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کا جوہری پروگرام مکمل طور پر شہری مقاصد کے لیے ہے اور اس کا مقصد توانائی اور ماحولیات سے متعلق گھریلو مسائل کو حل کرنا ہے۔


































