
صنعا: انصار اللہ یمن کے سربراہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے صدر ٹرمپ کے نام نہاد امن منصوبے کو صہیونی مفادات کی تکمیل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد غزہ سے مزاحمت کا خاتمہ اور فلسطینی خودمختاری کو مٹانا ہے۔ اپنے تازہ خطاب میں عبدالملک الحوثی نے عرب حکمرانوں کی خاموشی، امریکی فریب کاری اور اسرائیلی مظالم کو فلسطینی نسل کشی کی اصل وجوہات قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں ہزاروں فلسطینی شہید و زخمی ہوچکے ہیں، کئی علاقے اب بھی محاصرے میں ہیں اور تل ابیب بھوک کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے تاکہ غزہ کو غیر قابلِ سکونت بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کا منصوبہ فلسطینی ریاست کے کسی حقیقی تصور کو تسلیم نہیں کرتا بلکہ غزہ کا انتظام امریکی-برطانوی کمیٹی کے سپرد کرنے اور مزاحمتی قوتوں کو غیر مسلح کرنے کی سازش ہے۔ الحوثی نے کہاکہ امریکہ اور اسرائیل انسانی ہمدردی کے نام پر فریب کاری کر رہے ہیں اور عرب حکومتوں کو مزاحمتی گروہوں کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے۔


































