
اسٹاک ہوم : عالمی فوجی اخراجات تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ، دنیا بھر میں ہتھیاروں کی خرید وفروخت پر نظر رکھنے والے سویڈش ادارےاسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ‘‘ یا اسپری کے مطابق گزشتہ برس یعنی 2021ء کے دوران عالمی سطح پر ملٹری اخراجات 20 کھرب ڈالرز کی حد عبور کر گئے، سال 2021ء کے دوران دنیا بھر میں سب سے زیادہ ملٹری اخراجات کرنے والے ممالک بالترتیب امریکا، چین، بھارت، برطانیہ اور روس رہے۔ رپورٹ کے مطابق روس نے بھی یوکرین پر حملہ کرنے سے قبل اپنے دفاعی اخراجات میں کافی اضافہ کر دیا تھا۔ عالمی سطح پر ہتھیاروں کی خرید و فروخت پر نظر رکھنے والے اس سویڈش تھنک ٹینک کے مطابق سال 2021ء کے دوران عالمی سطح پر ملٹی اخراجات 2.113 ٹریلین ڈالرز ریکارڈ کیے گئے۔ یہ سال 2020ء کے مقابلے میں 0.7 فیصد زائد جبکہ سال 2012ء کے مقابلے میں 12 فیصد زائد ہیں۔اس طرح یہ ساتواں مسلسل سال ہے کہ عالمی سطح پر فوجی اخراجات مسلسل بڑھ رہے ہیں جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ کورونا کی وبا کے باوجود بھی فوجی اخراجات میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی۔


































