
تہران: ولی امر مسلمین آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ غزہ میں کارروائیوں میں امریکا ملوث ہے جس کے ہاتھ تمام مظلوموں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ غزہ میں فلسطینیوں کے قتل عام اور نسل کشی میں اسرائیل سے بڑھ کر امریکا ملوث ہے جو غزہ میں اسرائیلی قتل و غارت گری کو منظم کر رہا ہے۔ ولی امر المسلمین نے مزید کہا کہ حماس نے اسرائیل کو ایسا دھچکا دیا ہے جس کی کوئی بھی توقع نہیں کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ زخمی ہوکر زمیں بوس ہو جانے والی قابض غاصب حکومت فلسطینی مجاہدین سے پڑنے والی کاری ضرب کا انتقام غزہ کے عوام سے لے رہی ہے۔ مغربی ممالک کے دوڑ دوڑ کر اسرائیل جانے کی وجہ ان کی اسرائیل کے حصے بخرے ہونے کی تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور مغربی ممالک حماس کے حملے کے بعد سے تلملا رہے ہیں اور معصوم شہریوں پر بمباری کرکے بدلہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ صیہونیوں کے جرائم کی دنیا کے شر پسندوں کی طرف سے بھرپور حمایت ان جرائم میں امریکیوں کے یقینی تعاون کے باوجود انھیں آخرکار کچھ حاصل نہیں ہوگا، اس قضیے میں بھی اور آئندہ معاملات میں بھی ملت فلسطین کی فتح یقینی ہے۔
ولی امر مسلمین نے غزہ کے عوام کے صبر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے شہریوں نے اپنے حوصلے اور نقل و حرکت کو برقرار رکھا ہے اور آئندہ بھی رکھیں گے۔ حماس کے جانباز بھی جوابی کارروائی کے لیے تیار کھڑے ہیں۔


































