
کابل : طالبان نے کہا ہے کہ افغانستان میں اسلامی قوانین کے نفاذ پراعتراض کرنیوالوں کو اسلام سے مسئلہ ہے۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے افغانستان سے متعلق اقوام متحدہ کے نمائندے کی رپورٹ کو پروپیگنڈا قرار دیکر مسترد کردیا اور واضح کیا کہ یہ رپورٹ حقیقت کی عکاسی نہیں کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کچھ مغربی ادارے اور حکومتیں افغانستان کی عبوری حکومت کے خلاف پروپیگنڈہ کر رہی ہیں۔ جو حقیقیت کے برعکس ہے۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان میں اسلامی قوانین کا نفاذ جاری ہے ان پراعتراض کرنا اسلام کے ساتھ مسئلہ ہے۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے رچرڈ بینیٹ نے انسانی حقوق کونسل میں پیش کی گئی اپنی رپورٹ میں خواتین کے ساتھ طالبان کے رویہ کو صنفی عدم مساوات کے مترادف قرار دیا تھا۔ رپورٹ میں عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا گیا کہ وہ اس معاملے پر زیادہ توجہ دیں۔


































