
لاہور : منصورہ لاہور میں جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں زبردست ہڑتال کی گئی، جبکہ ہڑتال کی کال اسرائیلی مظالم کے حوالے سے تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے عملاً جنگ کا اعلان کر دیا ہے، مختلف اقدامات کرکے ایسی صورتحال میں قوم متحد ہو کر اس جارحیت کا مقابلہ کرے۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ غزہ کا معاملہ غیرت ایمانی کا معاملہ ہے، غزہ میں بربریت کو دنیا نے تسلیم بھی کیا ہے، جبکہ اسرائیل نسل کشی کر رہا ہے اور گزشتہ سو سال سے فلسطینیوں کو گھروں سے بے دخل کرنا اور قتل کرنے کا عمل اس وقت عروج پر ہے، تاہم بدقسمتی سے جو قوتیں انسانیت کا دم بھرتی ہیں، وہ فلسطین کا ساتھ دینے کی بجائے اسرائیل کیساتھ کھڑی ہیں، جبکہ صرف حماس عالمی قوانین کے تحت مزاحمت کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام ساری صورتحال کو دیکھ رہے ہیں اور قوم فلسطین کیساتھ ہے، جبکہ ہڑتال نے ثابت کر دیا پوری قوم اسرائیل کیخلاف ہے، دنیا میں دہشت گردی کی جتنی بھی اقسام ہیں، اس میں بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ ہے، اور انکا سرپرست امریکہ ہے۔


































