
غزہ: حماس نے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کی جانب سے فلسطین میں اسلامی مزاحمت کو شدت پسندی سے تعبیر کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ حماس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ تعبیر فلسطین میں جاری اسلامی مزاحمت کیلئے بالکل مناسب نہیں جو ایک قابض اور جارح طاقت کے خلاف اپنے دفاع کے جائز حق پر استوار ہے۔ فلسطین میں جاری اسلامی مزاحمت بین الاقوامی قوانین اور مکمل طور پر جائز اقدام ہے اور ایسا حق ہے جس سے ملت فلسطین غاصب صیہونی رژیم اور اس کے ناپاک منصوبوں سے روبرو ہے، اور اپنی سرزمین سے قابض اور جارح قوت کو نکال باہر کرنے اور اپنے جائز حقوق کے مکمل حصول تک ہر گز چشم پوشی اختیار نہیں کرے گی۔
حماس نے اپنے بیانیے میں اس بات پر زوردیا ہے کہ شدت پسندی اور دہشت گردی ایسے دو الفاظ ہیں جو اسرائیل کی غاصب صیہونی رژیم اور جرائم پیشہ صیہونی آبادکاروں کے اقدامات پر پوری طرح صادق آتے ہیں۔ غاصب صیہونی رژیم اور صیہونی آبادکار مقبوضہ فلسطین میں بدامنی اور تناؤ کے اصل ذمہ دار ہیں جبکہ انہوں نے فلسطینی قوم کو اپنے قومی حق سے محروم کر رکھا ہے۔ لہذا صیہونی رژیم اور آبادکار حقیقی معنی میں شدت پسند اور دہشت گرد ہیں۔ حماس نے اپنے بیانیے میں اقوام متحدہ اور اس کے سیکریٹری جنرل سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی قوم کے حقوق کی حمایت کریں اور فلسطینی قوم کے خلاف اسرائیل کی غاصب صیہونی رژیم کے مجرمانہ اقدامات کی مذمت کریں اور جرائم پیشہ صیہونی حکمرانوں کو ان کے مجرمانہ اقدامات کے باعث عدالتی کارروائی کا نشانہ بنائیں تاکہ ملت فلسطین اپنی آزادی اور خودمختاری حاصل کر سکے۔


































