
مکہ : حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ آج ادا کیا جائے گا۔ اہم ترین رکن کیلئے لاکھوں عازمین نماز فجر کے بعد سے میدان عرفات پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔ حجاج میدان عرفات میں مسجد نمرہ سے حج کا خصوصی خطبہ سنیں گے اور ظہر و عصر کی نمازیں ایک ساتھ ادا کرینگے۔ حجاج آج مغرب کی نماز ادا کیے بغیر میدان عرفات سے مزدلفہ کے لیے روانہ ہوں گے۔ عازمین حج گذشتہ روز منیٰ پہنچے تھے اور وہاں رات بھر قیام کے دوران عبادات میں مصروف رہے۔ وقوف مزدلفہ حج کے واجبات میں سے ایک واجب ہے۔ مزدلفہ میں حجاج کرام مغرب اور عشاء کی نمازیں ایک اذان اور دو تکبیروں کے ساتھ ادا کریں گے اور پھر رات میں مزدلفہ میں ہی قیام ہوگا۔ مزدلفہ سے وہ رمی کے لیے کنکریاں چنیں گے اور سورج طلوع ہوتے ہی منیٰ کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔


































