
ریاض : سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے غزہ کے علاقے المواصی خان یونس میں سیف زون کو ٹارگٹ کر کے بمباری کرنے کے اسرائیلی اقدام کی مذمت کی ہے۔ اس سیف زون کو اسرائیلی فوج نے کچھ عرصہ پہلے غزہ کے بےگھر لوگوں کے رہنے کے لیے جگہ قرار دیا تھا اور دوسری جگہوں سے انخلاء کرواتے ہوئے انہیں اس طرف دھکیل دیا تھا تاکہ وہ یہاں پناہ لے سکیں۔ سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو اسرائیل کی طرف سے ان جارحانہ خلاف ورزیوں پر ضرور نوٹس لینا چاہیے اور اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرانا چاہیے۔ وزارت کی طرف سے کہا گیا کہ مملکت اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کیے جانے کے مسلسل جرم کو مسترد کرتی ہے۔ جو اسرائیلی فوج نے غزہ کے مختلف علاقوں میں تقریباً پچھلے ایک سال سے شروع کر رکھی ہے۔


































