
نئی دہلی: بھارتی حکومت نے اپنی سپریم کورٹ کو آگاہ کیا ہے کہ وہ جموں و کشمیر میں کسی بھی وقت انتخابات کے لیے تیار ہے۔ جموں وکشمیر میں آرٹیکل 370 کے نفاذ سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران مودی سرکار کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا۔ سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے عدالت کو بتایا کہ آج تک ووٹر لسٹ کو اپ ڈیٹ کرنے کا کام چل رہا تھا جو کافی حد تک ختم ہو گیا ہے۔ الیکشن کب ہوں گے یہ فیصلہ الیکشن کمیشن کو لینا ہے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ جموں کشمیر معمول کی طرف لوٹ آیا ہے۔ مسلح بغاوت اور سیکورٹی فورسز پر حملوں کے واقعات میں کمی آئی ہے۔ معیشت کو فروغ دینے کے لیے کاروباری گروپوں کی سرمایہ کاری ہورہی ہے۔ تشار مہتا نے گذشتہ روز کی سماعت میں کہا تھاکہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی مکمل ریاستی حیثیت کی بحالی کا کوئی صحیح وقت نہیں ہے لیکن کشمیر کی موجودہ حیثیت عارضی ہے۔


































