
لاہور: سربراہ تحریک بیداری امت مصطفی (ص) علامہ سید جواد نقوی نے لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عرب حکمرانوں کا حالیہ دوحہ میں ہونیوالا اجلاس فلسطین کے حق میں سب سے بڑا ظلم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اجلاس امت مسلمہ کیلئے نہیں بلکہ امریکہ اوراسرائیل کے مزید جرائم کی راہ ہموار کرنے کیلئے تھا۔ علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ یہ اجلاس سراسر شرمناک تھا اور صہیونیت کیخلاف کوئی موقف پیش کرنے کے بجائے عرب حکمرانوں نے صرف اپنے اقتدار کی ضمانت مانگی۔انہوں نے مزید کہا کہ اجلاس اسی لیے منعقد کیا گیا تھا تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ کہیں کوئی غیرتمند حکمران تو موجود نہیں، کیونکہ غیرتمند حکمران سے ان کو خطرہ ہے، مگر حقیقت یہ ہے کہ ان سب میں کوئی غیرتمند نہ نکلا، سب انسانیت سے عاری ثابت ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ دوحہ اجلاس کے متعلق جس کے ذہن میں ایک فیصد بھی مثبت خیال پیدا ہوا، وہ شعور اور بصیرت سے محروم ہے۔ اجلاس کے فوراً بعد غزہ پر حملوں میں اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ اجلاس دراصل فلسطینی خون کیخلاف ایک بین الاقوامی سودے بازی تھی۔


































