
نیو میکسیکو: امریکا میں مسلمانوں کی ٹارگٹ کلنگ شروع ہوگئی۔ نیو میکسیکو سٹی میں مسلمانوں کو ہدف بناکر قتل کرنے کی وارداتیں 9ماہ پہلے شروع ہوئیں۔ جمعے اور ہفتے کی درمیانی رات چوتھے مسلمان کے قتل کے بعد پولیس نے اس کا تعلق گھات لگا کر کی جانے والی پچھلی تین وارداتوں سے قرار دیا ہے۔ مقتول مسلمان شخص کا تعلق جنوب ایشیائی ملک سے ہے اور ان کی عمر 25، 26 سال کے قریب بتائی گئی ہے۔ نیو میکسیکو کے شہر البوکرکے میں نو ماہ کے دوران مختلف واقعات میں چار مسلمانوں کو قتل کیا جا چکا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کی اطلاع ملنے پر جب اہلکار موقع پر پہچنے تو اس شخص کی لاش ملی تھی۔ رواں ہفتے کے آغاز میں مقامی سراغ رسانوں اور پولیس نے تصدیق کی تھی کہ حکام الگ الگ ہونے والی وارداتوں میں تعلق تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پولیس نے کہا کہ البیکرکی میں گزشتہ 10دنوں میں ایک ہی مسجد کے دو اراکین کو قتل کیا گیا۔


































