
نیویارک : اقوام متحدہ نے شامی حکومت کی جانب سے باغیوں کے زیر کنٹرول علاقوں میں امداد کی ترسیل کی شرائط کو ناقابل قبول قرار دے دیا ہے۔ شام نے سلامتی کونسل کو خط بھیج کر ترکیہ کے راستے باغیوں کے زیر کنٹرول علاقوں میں امداد کی ترسیل کی اجازت دی تھی اور اسے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون اور ہم آہنگی۔ دہشت گرد تنظیموں اور ان سے وابستہ افراد کے ساتھ بات چیت نہ کرنے اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی اور شامی عرب ریڈ کریسنٹ کی امدادی کارروائیوں سے مشروط کیا تھا۔ اقوام متحدہ نے شمال مغربی شام میں باب الحوا کراسنگ کے ذریعے امداد کی ترسیل کے لیے دمشق کی شرائط پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور نے کہا کہ شام کی شرائط اصولی انسانی کارروائیوں کے لیے ناقابل قبول ہیں۔ امداد کی ترسیل کیلئے ریڈ کراس یا ہلال احمر کی نگرانی کی شرط اقوام متحدہ کی آزادی کے مطابق ہے اور نہ ہی اسے عملی قرار دیا جاسکتا ہے۔


































