
دمشق: شام کے صدر بشار الاسد نے شامی مہاجرین کی وطن واپسی کے معاملے کو سیاست سے دور رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دمشق ان کی محفوظ وطن واپسی چاہتا ہے۔ دمشق میں اقوام متحدہ کے رابطہ کار مارٹن گریفتھس کے ساتھ ملاقات میں بشار الاسد نے کہا کہ پناہ گزینوں کی واپسی کے معاملے کو سیاسی رنگ دینے کے بجائے انسانی ہمدردی اور اخلاقی فریم ورک کے اندر چلنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ پناہ گزینوں کی بحفاظت واپسی دمشق حکومت کا بنیادی ہدف ہے ۔ریاستی اداروں نے اس عمل کو آسان بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ مارٹن گریفتھس نے شام میں جلد بحالی کے منصوبوں کی حمایت اور پناہ گزینوں کی واپسی کو محفوظ بنانے کی کوششوں کو متحرک کرنے کے لیے بین الاقوامی لائحہ عمل کا خاکہ پیش کیا۔ واضح رہے کہ شام میں عسکریت پسندی اور جنگ کے دوران ساٹھ لاکھ شامی باشندے ترکیہ، لبنان اور اردن جیسے پڑوسی ممالک میں نقل مکانی کرگئے تھے۔


































