
سڈنی : آبدوز معاہدہ منسوخ کرنے پر آسٹریلیا نے فرانس کو 584 ملین ڈالر دینےپر آمادگی ظاہر کردی۔ آسٹریلوی وزیراعظم اینتھونی البانی نے کہا کہ فرانسیسی فرم نے کئی ارب ڈالر کے معاہدے کو ختم کرنے پر منصفانہ اور مساوی تصفیے پر اتفاق کیا ہے۔ ستمبر 2021 میں اس وقت کے آسٹریلوی وزیراعظم سکاٹ موریسن نے اچانک فرانس کے ساتھ آبدوزوں کے معاہدے کو ختم کرنے کا اعلان کردیا، جو کئی برسوں سے جاری تھا۔انہوں نے اعلان کیا تھا کہ آسٹریلیا، امریکہ یا برطانوی جوہری توانائی سے چلنے والی آبدوزیں خریدے گا۔ اس فیصلے سے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکخواں سخت ناراض ہوئے اور انہوں نے آسٹریلوی وزیراعظم پر دھوکہ دینے کا الزام بھی عائد کیا۔


































