
کولمبو: سری لنکا میں معاشی بحران کے سبب لوگوں کے ملک چھوڑنے میں تیزی آگئی ہے۔ زیادہ تر افراد سمندری راستے سے بیرون ملک فرار ہورہے ہیں۔ سری لنکن بحریہ نے کہا ہے کہ گذشتہ روز غیرقانونی طور پر ملک چھوڑنے والے 91 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ شمال مغربی ساحل پر ماہی گیروں کی کشتیوں میں مہاجرین کو لے کر جایا جا رہا تھا۔15 افراد کو مارویلا کی بندرگاہ کے قریب جبکہ 76 کو چیلو کے پانیوں سے حراست میں لیا گیا۔ ان میں ایک سے 62 سال کی عمر کے افراد موجود تھے۔نیوی کے ترجمان کیپٹن انڈیکا ڈی سلوا کے مطابق رواں سال کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران تقریباً 250 افراد کو پکڑا گیا ہے جو کشتیوں کے ذریعے ملک سے باہر جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ عام طور پر ہم سال میں پانچ ایسی کشتیوں کو پکڑتے ہیں لیکن گزشتہ 45 دنوں میں تین کشتیوں کو پکڑ چکے ہیں۔ خیال رہے کہ دو کروڑ 20 لاکھ کی آبادی والا ملک سری لنکا شدید معاشی بحران سے گزر رہا ہے، حد درجہ مہنگائی کے علاوہ ادویات اور تیل سمیت اشیائے خورد و نوش کی بھی کمی کا سامنا ہے۔


































