
گلگت : مرکزی امامیہ کونسل کے نائب صدر نے افغانستان کے شہر قندوز کی مسجد میں خودکش حملے پر شدید غم و غصّے کا اظہار اور شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی کابل میں شیعہ مساجد کو نشانہ بنایا گیا ہے جس میں بیشتر نمازی شہید ہوئے، افغانستان میں اس وقت بھی اہل تشیع عدم تحفظ کا شکار ہیں، ایسا لگتا ہے جیسے افغانستان کو داعش اور دیگر عالمی دہشت گرد تنظیموں نے اپنی محفوظ پناہ گاہ بنالیا ہے۔ شام کے شکست خوردہ دہشتگرد ٹولے داعش نے افغانستان میں شیعہ مراکز کو خود کش حملوں کا نشانہ بنا کر اپنی درندگی کا ثبوت دینا شروع کر دیا ہے، پاکستان کے ہمسایہ ملک میں داعش کے بڑھتے ہوئے اثر ورسوخ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے داعش کے خلاف مشترکہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ، نیز افغانستان کی نئی حکومت پر شیعہ مسالک کے مراکز اور اداروں کو فل پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہیں۔


































