
واشنگٹن : بائیڈن انتظامیہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان معمول کے تعلقات امریکا کے مفاد میں ہوں گے۔ وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا کہ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان امن بڑی بات ہوگی۔ امریکا نے دونوں ممالک کے درمیان معمول کے تعلقات استوار کرنے کے معاہدے کے لیے سفارتی کوششوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے تاہم ابھی بہت کام کرنا باقی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم زیادہ مربوط مشرق وسطیٰ میں دلچسپی رکھتے ہیں اسرائیل سعودیہ تعلقات سے مشرق وسطیٰ کو زیادہ مربوط اور مستحکم بنانے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سویلین جوہری افزودگی کے معاملے یا سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان تعلقات معمول پر لانے کے وسیع تر سوال پر کسی بھی فوری اعلان کی توقع نہ کریں۔


































