
ماسکو : روسی صدر نے فرانسیسی ہم منصب سے بات چیت میں ہیروشیما اور ناگاساکی پر جوہری حملوں کا حوالہ دے کر مغربی رہنماؤں میں ہلچل مچادی ہے۔ سفارتی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے ساتھ ٹیلی فونک رابطے میں جاپان پر جوہری حملوں کا حوالہ دیا۔ پیوٹن نے کہا کہ ایٹمی حملوں نے ثابت کردیا کہ جنگ جیتنے کے لیے آپ کو بڑے شہروں پر حملے کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق اس گفتگو سے میکرون گھبراگئے انہیں یہ ایک بہت بڑے اشارے کی طرح لگ رہا تھا کہ پیوٹن یوکرین میں ٹیکٹیکل جوہری ہتھیار استعمال کرسکتے ہیں۔ فرانسیسی حکومت کے ایک ذرائع نے بتایاکہ دونوں صدور نے جوہری ہتھیاروں کے استعمال کے خطرے پر بات کی ہے۔ پیوٹن یہ پیغام پہنچانا چاہتے ہیں کہ جوہری ہتھیاروں سے متعلق روسی نظریے کے مطابق تمام آپشن میز پر موجود ہیں۔ رپورٹ کے مطابق برطانیہ کی سابق وزیراعظم لزٹرس کو انٹیلی جنس ایجنسیوں نے بتایا تھا کہ پیوٹن بحیرہ اسود کے اوپر فضا میں دھماکا کرسکتے ہیں تاکہ مغرب کو بتایا جائے کہ وہ ایک مکمل ایٹمی جنگ شروع کیے بغیر کیا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

































