
ماسکو: روس کی کاروباری شخصیت نے امریکی انتخابات میں مداخلت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ بھی ایسا کریں گے۔ یفگینی پریگوزین نے کہا کہ ہم نے امریکی انتخابات میں مداخلت کی تھی، ہم اب بھی مداخلت کر رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے قریبی ساتھی کی طرف سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا میں وسط مدتی انتخابات ہو رہے ہیں۔پریگوزین نے کہا کہ آپریشنز میں ہم دونوں گردے اور جگر ایک ساتھ نکال لیں گے، انہوں نے اس فقرے کی مزید وضاحت نہیں پیش کی۔ پریگوزین کوپیوٹن کو شیف کہا جاتا ہے کیونکہ انکی کیٹرنگ کمپنی کریملن کے ٹھیکے لیتی ہے، ان پر ’ٹرول کمپنیاں‘ چلانے کا الزام ہے جنہوں نے امریکی سیاست پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی۔ رواں برس جولائی میں امریکی محکمہ خارجہ نے پریگوزین کے امریکی انتخابات میں مداخلت سے متعلق معلومات دینے پر ایک کروڑ ڈالر کی رقم کا اعلان کیا تھا۔ پریگوزین پر امریکا، برطانیہ اور یورپی یونین نے بہت سی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔

































