
تہران : سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی زمینی فورس نے مسلسل پانچویں دن میزائل اور ڈرون حملوں کے ذریعے شمالی عراق میں دہشت گرد گروہوں کے ٹھکانوں کو تباہ کردیا۔ سپاہ پاسداران انقلاب کے تعلقات عامہ کے مطابق حمزہ سید الشہداء (ع) بیس سے شمالی عراق کے کرد علاقوں میں ایران مخالف دہشت گرد گروہوں کے ٹھکانوں کے خلاف آپریشن کے نئے مرحلے کے آغاز کا اعلان کیا گیا ہے۔ سپاہ پاسداران کے نئے میزائل اور ڈرون حملوں میں مبینہ طور پر ان علیحدگی پسند دہشت گرد تنظیموں کے کئی ارکان مارے گئے ہیں۔ پاسداران انقلاب کے بیان کے مطابق دہشت گرد گروپوں کے ہیڈ کوارٹر کو ختم کرنے اور خطرے کے موثر خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ دہشت گرد تنظیم کی ایک سینئر رکن نے بتایا کہ ان کے کئی دفاتر پر حملہ کیا گیا۔ جس میں جانی اور مالی نقصان ہوا ہے تاہم ان کے پاس تفصیلات نہیں ہیں۔


































