
واشنگٹن: امریکی سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور سعودی عرب کے تعلقات کی بحالی مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں ہے۔ نیویارک میں کونسل برائے خارجہ تعلقات کی تقریب سے خطاب میں امریکی سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے کہاکہ اسرائیل سعودی تعلقات کی بحالی ناقابل یقین حد تک چیلنجنگ اور مشکل ہے۔ ایسا کچھ نہیں جو راتوں رات ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حقیقی امکانات پر کام کر رہے ہیں۔ سعودی اور اسرائیلی چاہتےہیں کہ ہم خاص کردار ادا کریں۔ جس کی ہم کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کہ ہم نے اسرائیل میں اپنے دوستوں اور اتحادیوں سے کہہ دیا ہے کہ اگر ان کے گھر کے عقب میں آگ جلے گی تو موجودہ معاہدوں پر عمل کرنا بھی مشکل ہوگا جبکہ انہیں وسعت دینے بالخصوص سعودی عرب کو شامل کرنے میں بھی مشکلات کاسامنا ہوگا۔ انٹونی بلنکن نے کہا کہ اسرائیلی آبادکاری میں وسعت اور مغربی کنارے میں حالیہ کشیدگی نے اسرائیلی ہمسایوں کے ساتھ تعلقات بحالی کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔


































