
کوئٹہ: مغربی بائی پاس پر سی ٹی ڈی کے آپریشن میں 5 مبینہ دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ محکمہ انسداد دہشتگردی ( سی ٹی ڈی) کے مطابق پانچوں دہشتگرد فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے جب کہ ان کے زیر استعمال کمپاؤنڈ سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا گیا ہے۔ دوسری جانب کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس پر دکان کے قریب دستی بم حملے میں ایک نوجوان جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق مشرقی بائی پاس پر شیرجان اسٹاپ پر ایک دکان کے قریب پاکستانی پرچم فروخت کرنے والی ریڑھی پر نامعلوم افراد نے دستی بم پھینک دیا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ پولیس کا کہنا ہےکہ دستی بم حملے میں وہاں موجود امان اللہ نامی نوجوان جاں بحق ہوا جب کہ 7 زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔


































