
ٹنڈو محمد خان : ٹنڈومحمد خان میں چہلم امام حسینؑ کے موقع پر نکالے گئے مشی جلوس کے خلاف غیرقانونی ایف آئی آر کے اندراج کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا گیا، عزاداران حُسینی کی بڑی تعداد نے ٹنڈومحمد خان حیدر آباد روڈ کو بلاک کرکے 5 گھنٹے تک دھرنا دیا، جس سے شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کی آمد ورفت کیلئے بند ہوگئی، شرکا نے مطالبہ کیا کہ شہری آزادی کے منافی درج ایف آئی آر ختم کی جائیں، مجلس وحدت مسلمین سندھ کے رہنما یعقوب حسینی اور دیگر نے مظاہرین سے خطاب میں کہا کہ اوچھے ہتھکنڈے شیعیان حیدرکرارؑ کو ذکر امام حسینؑ سے نہیں روک سکتے، کسی شہری کا کسی بھی شاہراہ سے گذرنا کیسے قانون کی خلاف ورزی ہوسکتا ہے؟ دنیا کے کسی ملک میں شہریوں کے پیدل چلنے پر پابندی عائد نہیں تو پاکستان میں کس قانون کے تحت عزاداران حسینی ؑ کےخلاف مقدمے قائم کیئے جارہے ہیں، پولیس حکام کی جانب سے غیر آئینی وغیر قانونی ایف آئی آر ختم کرنے کی یقین دہانی پر دھرنا پرامن طور پر ختم کردیا گیا۔


































