
اسکردو: انجمن امامیہ بلتستان کے صدر سید باقر الحسینی کیخلاف توہین صحابہ (رض) کی جھوٹی ایف آئی آر کیخلاف اسکرود اور دوسرے علاقوں میں جمعہ کے روز بھی ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج کیا۔ اسکردو میں نماز جمعہ کے بعد نکالی گئی ریلی میں ایک لاکھ سے زائد لوگ شریک ہوئے۔ اس موقع پر پورے بلتستان میں شٹر ڈاؤن ہڑتال رہی۔ مظاہرین کا کہنا تھا آغا باقر الحسینی کے خلاف کاٹی گئی ایف آئی اور توہین صحابہ کے نام پر فرقہ واریت پر مبنی بل کو فوری واپس لیں۔ انہوں نے کہا کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت گلگت کے حالات کو خراب کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ ارض گلگت بلتستان میں شیعہ سنی کا کوئی مسئلہ نہیں یہاں کے تمام مسالک کے افراد ایک دوسرے سے رشتے میں جڑے ہوئے اور بھائی چارگی کیساتھ زندگی بسر کررہے ہیں۔ شگر میں آغا باقر حسین الحسینی کے خلاف ایف آئی آر کی اندراج کیخلاف شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال رہی۔ نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے متنازعہ بل کی منظوری اور آغا باقر الحسینی پر ایف آئی آر کی اندراج پر شدید نعرہ بازی کی۔ احتجاجی مظاہرے میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے خبردار کیا کہ آغا باقر پر درج ایف آئی آر ختم نہ کی گئی اور انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو گلگت بلتستان کے ہرفرد میدان میں نکلے گا اور مرتے دم تک مقابلہ کریں گے۔


































