
بغداد : عراق میں سیاسی بحران میں شدت آگئی۔ الیکشن کے 290 دن بعد بھی حکومت نہ بن سکی۔ مقتدیٰ الصدر کے حامیوں نے نئے وزیراعظم کی نامزدگی پر احتجاج کرتے ہوئے پارلیمنٹ پر دھاوا بول دیا۔ مظاہرین نے جلد از جلد حکومت سازی کے حق میں نعرے لگائے اور نئے وزیراعظم محمد السوڈانی کی نامزدگی واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے عراقی پارلیمنٹ میں گھس کر اسپیکر کا ڈائس سنبھال لیا۔ اسمبلی کی حفاظت پر سیکیورٹی اہلکار موجود تھے جنہوں نے مظاہرین کو توڑ پھوڑ نہ کرنے کی شرط پر پارلیمنٹ کے اندر جانے کی اجازت دی۔ عراق میں انتخابات کے بعد سے سیاسی جماعتوں میں ڈیڈلاک کی وجہ سے تاحال نئے وزیر اعظم کا انتخاب نہیں ہوسکا نا ہی کابینہ تشکیل دی جاسکی۔


































