
کولمبو: سری لنکا کے صدر گوٹابایا راجا پاکسے ملک سے فرار ہوکر مالدیپ پہنچ گئے۔ سری لنکن صدر فوجی طیارے میں مالدیپ پہنچے۔ اس سے قبل صدر گوتابایا راجا پکشے نے اپنے عہدے سے استعفی دینے کا وعدہ کیا تھا۔ صدر کے بھائی اورسری لنکا کے سابق وزیرخزانہ بسل راجا پکسے بھی ملک سے فرار ہوکر امریکا پہنچ گئے ہیں۔سری لنکا میں عوام کو سنگین معاشی بحران کے باعث گذشتہ کئی ماہ سے بدترین لوڈشیڈنگ، ایندھن ، خوراک ، دواؤں اور دیگر بنیادی ضروریات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ سری لنکا میں بدترین معاشی بحران کے بعد حکمران اشرافیہ کے خلاف شدید احتجاج اورمظاہرے جاری ہیں۔ چند روز قبل ہزاروں مشتعل مظاہرین نے صدارتی محل پردھاوا بول دیا تھا جس کے بعد صدر کی روپوشی کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔


































