
نیویارک: پاکستان نے دہشت گردوں کی عالمی فہرست میں ایک بھی غیر مسلم دہشت گرد شامل نہ ہونے کو ناقابل فہم اور ناقابل قبول قرار دیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل میں ایک اجلاس سے خطاب میں کہا کہ دنیا کے کئی ممالک اور خطوں میں دائیں بازو، انتہا پسند اور فسطائی تحریکوں نے زور پکڑا ہے جس کے نتیجے میں دہشت گردانہ تشدد سامنے آ رہا ہے مگر اس کے باوجود غیر مسلموں کے اقدامات کو دہشت گردی نہیں کہا جاتا بلکہ اکثر صرف پرتشدد جرم قرار دیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات ناقابلِ قبول ہے کہ سلامتی کونسل کی دہشت گردوں کی فہرستوں میں ہر نام مسلمان ہے، جبکہ دوسرے مقامات پر دہشت گرد اور پرتشدد انتہا پسند احتساب سے بچ نکلتے ہیں۔ پاکستانی مندوب نے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جامع، منصفانہ اور مستقل حکمت عملی اپنائی جائے جو دوہرے معیارات سے پاک ہو، اور اسلامی دنیا کو بدنام کرنے کے سلسلے کو روکے۔


































