
مسقط: عمان کی پارلیمنٹ نے اسرائیل کے ساتھ کسی بھی قسم کے تعلقات کو جرم قرار دے دیا۔ عمان کی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں نے صیہونی ریاست کے بائیکاٹ کے قانون میں توسیع کے حق میں ووٹ دیا۔ 86 رکنی مجلس شوریٰ نے قانون کی پہلی شق میں ترمیم کی منظوری دی جس کے تحت صیہونی ریاست سے کھیل، ثقافتی یا اقتصادی رابطہ کے ساتھ ساتھ صیہونی آبادکاروں سے ذاتی یا آن لائن بات چیت پربھی پابندی ہوگی۔ اسمبلی کے نائب صدر یعقوب الحریثی نے وضاحت کی کہ یہ ترمیم اسرائیل کی مجرمیت اور بائیکاٹ کو وسعت دے گی۔ ترمیم اب حتمی ووٹنگ سے قبل مجلس قانون ساز کمیٹی میں بحث کے لیے پیش کی جائے گی۔ عمان اس موقف پر قائم ہے کہ اسرائیلی حکومت کے ساتھ کسی بھی قسم کے سفارتی تعلقات آزاد فلسطینی ریاست کے قیام پر منحصر ہیں۔ عمان کے وزیر خارجہ سید بدر البوسیدی نے جولائی میں ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کا ملک اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے والا خلیج فارس کا تیسرا ملک نہیں ہوگا بلکہ منصفانہ، جامع اور دیرپا امن کے حصول کے لیے عمان کی دو ریاستی حل کی بنیادی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔

































