
لندن : برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق پیجرز فراہمی میں ملوث بلغارین کمپنی نورٹا گلوبل لمیٹڈ کا مالک رینسن یوسی لبنان میں بم دھماکے کے دن غائب ہو گیا ہے۔ ناروے کا شہری اوسلو کے مضافاتی علاقے میں اپنا اپارٹمنٹ چھوڑ کر چلا گیا ہے اور 17 ستمبر کے بعد اس سے کوئی رابطہ نہیں ہورہا ہے۔ ناروے کی پولیس اور سیکیورٹی سروس نے یوسی کے لاپتہ ہونے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ہنگری کی ویب سائٹ ٹیلیکس نے بلغارین کمپنی نورٹا گلوبل لمیٹڈ نے تائیوان کی کمپنی گولڈ اپالو سے پیجر ڈیوائسز خریدنے کے امکان کے بارے میں بات کی تھی۔ ہنگری کے دارالحکومت بداپسٹ میں رجسٹرڈ کمپنی بی اے سی کنسلٹنگ نے صرف ایک ثالث کے طور پر کام کیا اور تائیوانی کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا۔ بلغاریہ کے دارالحکومت صوفیا میں قائم بلغارین کمپنی نے براہ راست پیجرز کی خریداری کا عمل انجام دیا۔ ویب سائٹ نے نشاندہی کی کہ پیجرز فراہم کرنے والی بلغارین کمپنی کو 2022 میں قائم کیا گیا تھا اور اس کمپنی کا مالک ایک نارویجن شہری ہے۔


































