
ریاض: سعودی عرب میں مقدس مقامات کی ناقص سکیورٹی اور انتظامات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے یہودی صحافی مکہ مکرمہ کی سڑکوں پر گھومتا رہا ۔ اسرائیلی صحافی گِل تمرے نے مسجد الحرام کی طرف سفر کیا۔ جبلِ رحمت پر بھی چڑھا جبکہ سعودی قوانین کے تحت کوئی بھی غیر مسلم اِن مقدس مقامات پر داخل نہیں ہوسکتا۔ اسرائیلی صحافی نے تقریباً 10 منٹ کی ڈاکیومینٹری بنائی جسے ٹی وی پر بھی نشر کیا گیا جبکہ صحافی کے ساتھ بظاہر ایک مقامی گائیڈ موجود تھا، جس کا چہرہ ویڈیو میں دھندلادیا گیا تاکہ پہنچان نہ ہوسکے۔ گل تمرے امریکی صدر جو بائیڈن کے دورے کی کوریج کے لیے جدہ میں تھا اور وہاں سے مکہ پہنچ گیا لیکن سعودی حکام کو خبر بھی نہ ہوسکی۔ رپورٹ نشر ہونے کے بعد اسرائیلی صحافی کا یہ دورہ ٹوئٹر پر ٹرینڈ کرنے لگا اور انہیں آن لائن پلیٹ فارمز پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد گل تمرے نے واقعے پر معذرت کر لی۔ اس نے لکھا کہ میرا ارادہ مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنا نہیں تھا۔ اگر اس ویڈیو سے کسی کے جذبات مجروح ہوئے ہیں تو میں دل کی گہرائیوں سے معذرت خواہ ہوں۔


































