
ریاض : فلسطینی صدر محمود عباس نے اقوام متحدہ سے اسرائیل کی رکنیت معطل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ عرب اسلامی سربراہی اجلاس سے خطاب میں فلسطینی صدر نے کہا کہ عالمی برادری غزہ کی پٹی کے خلاف اسرائیلی جارحیت کو روکنے میں ناکام رہی ہے۔ اسرائیلی حملوں اور غزہ میں نسل کشی کو امریکی حمایت حاصل ہے۔ محمود عباس نے جنگ بندی کے لئےاقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے نفاذ کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی دونوں پر زور دیا کہ جب تک اسرائیل بین الاقوامی قوانین کی پاسداری نہیں کرتا اس کی اقوام متحدہ کی رکنیت معطل کر دی جائے۔ انہوں نے عرب اور مسلم ممالک پر زور دیا کہ وہ قابض ریاست کے ساتھ تعلقات کو معمول پر نہ لائیں۔ غزہ کو امداد فراہم کریں اور قابض افواج کے انخلاء کو یقینی بنائیں۔


































