
کوالالمپور : ملائیشین آرمی چیف جنرل محمد حفیظ الدین نے کہا ہے کہ ان کی افواج غزہ میں ممکنہ امن فوج کا حصہ بننے کے لیے تیار ہیں، تاہم حتمی فیصلہ حکومت کرے گی۔
جنرل محمد حفیظ الدین نے انڈو پیسیفک آرمی چیفس کانفرنس کے بعد کہا کہ ملائیشین فوج کو امن مشنز کا وسیع تجربہ ہے اور اگر حکومت فیصلہ کرے تو غزہ میں بھی کسی امن مشن میں شامل ہوسکتے ہیں۔ ان کے بقول، ملائیشیا کی افواج 1960 سے امن مشنز میں شریک رہی ہیں، جن میں کانگو، صومالیہ، بوسنیا اور کمبوڈیا شامل ہیں۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ غزہ مشن میں شمولیت کا دارومدار حکومت کے فیصلے۔ مشن کے مؤثر ہونے اور سلامتی پر ہوگا۔
یہ بیان انڈونیشیا کے صدر کے اس اعلان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ انڈونیشیا غزہ کے لیے بیس ہزار امن فوجی بھیجنے کو تیار ہے۔


































