
کراچی: مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام کراچی میں حمایت فلسطین و دفاع غزہ ریلی نمائش چورنگی سے امریکی قونصلیٹ تک نکالی گئی۔ ریلی میں ہزاروں کی تعداد میں خواتین، بچوں، بزرگ و جوانوں نے شرکت کی، شرکاء ریلی نے پلے کارڈز و بینرز اٹھائے ہوئے تھے، جس میں لبیک یااقصیٰ، لبیک یا غزہ، امریکا و اسرائیل مردہ باد، قدس کی آزادی تک جنگ رہے گی و دیگر نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے امریکی قونصلیٹ کے قریب اسرائیل اور امریکا کے پرچم بھی جلائے۔ ریلی میں ایم کیو ایم، جماعت اسلامی، پیپلز پارٹی، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، ذاکرین امامیہ، شیعہ علماء کونسل سمیت دیگر سیاسی، مذہبی و سماجی تنظیموں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ امریکی قونصلیٹ کے قریب شرکاء ریلی سے خطاب میں علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت انسانیت کا قتل ہے، ہسپتال پر حملے اور اسرائیلی جرائم میں امریکا برابر کا شریک ہے۔ فلسطینی عوام پناہ گزین کیمپوں میں بھی محفوظ نہیں، مساجد، چرچ، اسپتالوں، پناہ گزین کیمپوں سمیت رہائشی عمارتوں پر وحشانہ بمباری جاری ہے، امریکا، اسرائیل، برطانیہ، فرانس مشرق وسطیٰ میں براہ راست دہشتگردی کر رہے ہیں۔
علامہ حسن ظفر نقوی نے مطالبہ کیا کہ مسلم حکمران، اقوام متحدہ اور عالمی برادری غزہ جانے والی انسانی امداد کی رسائی ممکن بنائیں، ان شاء اللہ شہدائے فلسطین کی قرنیاں غاصب اسرائیلی وجود کے خاتمہ کا سبب بنے گی۔
ریلی سے خطاب میں ایم کیو ایم کے رہنما نے کہا کہ 56 اسلامی ممالک غزہ کے مسلمانوں کا ساتھ نہیں دے رہے، مسلم حکمران بزدل ہیں، غزہ میں اسرائیلی جارحیت نہیں روکی گئی تو مدینہ شریف پر یہ صیہونی حملہ کر دیں گے۔
جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر مسلم پرویز نے کہا کہ ملت پاکستان کے دل اپنے فلسطینی مظلوموں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، امریکا و اسرائیل مظلوموں کا خون بہا رہے ہیں۔
ریلی سے خطاب میں پیپلز پارٹی کے رہنما جاوید ناگوری نے کہا کہ فلسطین کی جنگ ظالم و مظلوم کی جنگ ہے، اسلامی ممالک کو متحد ہونا ہوگا، آج ہم نے مظلوم کی حمایت نہیں کی تو کل ہم پر بھی یہ وقت آئے گا۔
احتجاجی ریلی میں شیعہ علماء کونسل کراچی کے صدر حسن رضا غدیری، سجاد حاتمی، ایم ڈبلیو ایم سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی، علی حسین نقوی، علامہ صادق جعفری، ایم کیو ایم کے رہنما عباس جعفری، عارف رضا، فلسطین فاؤنڈیشن کے مرکزی سیکریٹری جرنل ڈاکٹر صابر ابو مریم، آئی ایس او کراچی کے صدر ظفر حیدر، جمیعت اہل حدیث کے رہنما مفتی مرتضیٰ رحمانی، علامہ نثار احمد قلندری، علامہ صادق رضا تقوی، علامہ حسن صلاح الدین سمیت شیعہ تنظیموں، ماتمی انجمنوں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔


































